پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب اور سلیکٹڈ ٹولہ گھر جانے کی تیاری کرے، عوام نے آپ کو گھر بھیجنے کا پلان بنالیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے نالج سٹی پلان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پلان 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا تھا، لیکن ان کا صرف آٹا، چینی چوری کا پلان مکمل ہوا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب پلان تو آپ کا تھا کہ کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے لیکن پورے ملک کو بھکاری بنادیا، آپ کا پلان توانڈے، کٹے، بکرے، مرغیاں اور بھینسیوں سے پاکستان کو دنیا کی بہترین معیشت بنانے کا بھی تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب پلان تو آپ کا آئی ایم ایف جانے پر خودکشی کرنے کا تھا؟ پلان تو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھی دینے کا تھا؟
لیگی ترجمان نے وزیراعظم عمران خان کے خیبرپختونخوا میں 350 ڈیمز کی تعمیر اور ان سے پورے ملک میں بجلی کی فراہمی، صوبہ جنوبی پنجاب، پارلیمان میں سوالوں کے جواب کے سیشن کے وعدوں کو یاد کروایا۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران کان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال خیبرپختونخوا اور ڈھائی سال آپ نے پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کے پلان پر عمل کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کا صرف بے نامی 23 فارن فنڈنگ اکاؤنٹس سے پیسے منگوا کر ملک کے خلاف سازش کا پلان مکمل ہوا ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب اور سلیکٹڈ ٹولہ گھر جانے کی تیاری کرے، عوام نے آپ کو گھر بھیجنے کا پلان بنالیا ہے۔