• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجیت دوول کی پاکستان چین کو دھمکیاں، چند گھنٹے بعد وضاحتیں

اسلام آباد،نئی دہلی(نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) اجیت دوول کی پاکستان چین کو دھمکیاں ، چند گھنٹے بعد وضاحتیں دیتے رہے، بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے کہا ہے کہ بھارتی سکیورٹی کیلئے خطرہ بننے والے ممالک کی سرزمین پر بھی لڑیں گے،جہاں سے خطرہ ہوگا وہاں میدان جنگ بنادینگے تاہم بعد میں بھارتی حکام نے وضاحت دیتے ہوئےکہا کہ اجیت دودل نے اپنے بیان میں ،کسی ملک کا حوالہ نہیں دیا۔

نئی دہلی میں تقریب سے خطاب میں اپنے بیانیے کو نیوانڈیا کا نام دیتے ہوئے اجیت دوول نےکہا کہ جنگ اُن ممالک کی سرزمین تک لے جائیں گے جہاں سے یہ خطرات سر اٹھارہے ہیں، بھارت نے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا، ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی لیکن اب بھارت پہل نہ کرنے کے ماضی کے نظریئے میں تبدیلی کررہا ہے اور نیو انڈیا ڈاکٹرائن کے تحت جہاں سے خطرہ ہوگا وہاں میدان جنگ بنادیا جائے گا، بھارت ایک مہذب ملک ہے اس کی بنیاد کسی مذہب، زبان یا فرقے پر نہیں ثقافت پر ہے۔

این این آئی کے مطابق بھارت نے نیو انڈیا کے بیانیے کی آڑ میں پاکستان اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دے دی،آئی این پی کے مطابق اجیت دوول کی جارحیت سے بھرپور دھمکیوں کے بعد چین سے ہوئی پٹائی یاد آگئی اور وضاحتی بیان میں کہا کہ دوول نے تقریر میں کسی ملک کا حوالہ نہیں دیا ہے۔

بھارتی حکام نے اپنی وضاحت میں کہا کہ دوول کی تقریر چین سے متعلق یا کسی مخصوص صورتحال کیلئے نہیں تھی اور نہ ہی وہ تقریر میں کسی ملک کا حوالہ دے رہے تھے ۔

تازہ ترین