• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے بیانیہ والی بات ہم کئی دہائیوں سے کر رہے ہیں، اختر مینگل


بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے دما دم مست قلندر ہوگا۔ نوازشریف کے بیانیہ والی بات ہم کئی دہائیوں سے کر رہے ہیں۔

بی این پی مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل نے جاتی امرا رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سردار اختر مینگل نے بلوچستان جلسے میں شرکت پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کے خلاف محاذ کھول رکھے ہیں، اب حکومت کو بھرپور جواب دیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کا علم تھامے رکھا، پی ڈی ایم کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ حکومت کے ساتھ چلنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ رینگتے رہے انہیں کندھوں پر اٹھا کر چلنا ہماری ذمہ داری نہیں۔

بی این پی مینگل کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف نے اب ہمارے بیانیہ کو اپنایا ہے، ہم اسی بیانیہ کی بات کر رہے ہیں۔

سردار اختر مینگل نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت سمیت کوئی بھی اس واقعہ میں ملوث ہو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

تازہ ترین