• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم سیاہ، بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)27اکتوبر 1947کے مقبوضہ کشمیر پربھارت کے جبری تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ میں بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالہ کو طلب کرکے شدید احتجاج اور مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرے اور پانچ اگست کے غیرقانونی اقدامات واپس لے، دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی، بھارتی ناظم الامور سے مطالبہ کیا گیا کہ ہندوستانی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کا حق فراہم کرے جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے پر زور دیا گیا ہے، بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ 5 اگست 2019ءکے اپنی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کو فوری منسوخ، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کو بند کرے اور غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری نوجوانوں اور سیاسی قیادت کو فوری رہا کرے۔

تازہ ترین