• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز سے اختر مینگل کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

مریم نواز سے اختر مینگل کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو 


لاہور (نمائندہ جنگ، آئی این پی) سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے جاتی امراء میں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال، بیروزگاری اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال کیا اور پی ڈی ایم کے تحت ہونے والے اب تک کے تمام جلسوں کو کامیاب قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم کو حکومت سے نجات کا واحد حل قرار دیا ہے۔ اختر مینگل نے کہا کہ صرف جلسے جلوسوں سے کام نہیں چلے گا، کچھ دمام دم مست قلندر بھی کرنا پڑیگا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے مریم نواز سے ملاقات میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اخترمینگل کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مسند پر بٹھایا، ہمارے 6 نکات میٹرو بس سے زیادہ مشکل نہیں تھے، اگر ہمیں پہلے کہہ دیتے کہ مطالبات پورے نہیں کرسکتے تو ہم اسمبلی فلور پر ٹاٹا نہ کہتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ آج نہیں بلکہ 1971 کے بعدسے چوری ہوتا رہا ہےان کا کہنا تھا کہ جب پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا تو بتائینگے دمادم مست قلندر کیسے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کیخلاف محاذ کھول رکھے ہیں، اب حکومت کو بھرپور جواب دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے مطمئن نہیں تو عوام کیسے مطمئن ہوں گے۔ اخترمینگل نے کہا کہ جب انہوں نے ہمارے مطالبات نہیں مانے تو پھر ہمارا اخلاقی فرض تھا کہ ان کے ساتھ آگے نہیں بڑھیں گے۔ انہوں نے نواز شریف کے بیانیے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم تو کب سے اس بیانیے پر قائم ہیں بلکہ اس بیانیے کو بنانے والے ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا، یہ بات ہوئی ہے پی ڈی ایم کو مزید آگے کیسے لے کر جانا ہے۔

تازہ ترین