لاہور(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور کے جج سید جوادالحسن نے شہباز شریف اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ نیب کا بس چلے تو پورے پاکستان کے کیس مجھ پر بنا دے۔مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ نیب کون سا کیس میرے خلاف بند کرتی اور کون سا بناتی ہے۔ عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان کی کاپی آئندہ سماعت پر ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر کو شہباز شریف کو جیل میں بیڈ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔