• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان منت کو فروخت کریں گے؟ مداح کا سوال

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے اُن کے مداح نے اداکار کی رہائش گاہ ’منت‘ کو فروخت کرنے کا سوال کیا جس پر شاہ رخ خان نے مداح کو معنی خیز جواب دے دیا۔

بھارتی فلم اسٹار شاہ رخ خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ AskSRK استعمال کرتے ہوئے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کے دلچسپ سوالوں کے جواب دیے۔

سوال و جواب کے سیشن کے دوران وسیم نامی ایک صارف نے اداکار سے پوچھا کہ کیا آپ منت یعنی اپنی رہائش گاہ فروخت کرنے والے ہو؟

مداح کے سوال پر شاہ رخ خان نے ایک معنی خیز جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی منت فروخت نہیں کی جاتی بلکہ سر جُھکا کر مانگی جاتی ہے۔‘

شاہ رخ خان نے مداح کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری یہ بات یاد رکھو گے تو زندگی میں بہت کچھ پانے میں کامیاب ہو سکو گے۔‘

سیشن کے دوران ایک اور مداح نے اداکار نے سوال کیا کہ ’سر منت میں ایک کمرہ کرائے پر چاہیے، اُس کا کرایہ کتنا ہوگا؟

شاہ رخ خان نے مداح کو زبردست جواب دیا کہ ’30 سال کی محنت منت کے ایک کمرے کا کرایہ ہوگا۔‘

مداحوں کے دلچسپ سوالوں کے جواب دینے کے بعد شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اُن کے جانے کا وقت ہوگیا ہے، وہ اپنے تمام مداحوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اپنے چاہنے والوں کے پیار کے لیے اُن کے شُکر گزار بھی ہیں۔‘

شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’وہ معذرت خواہ ہیں کہ وہ تمام مداحوں کے سوالات کے جواب نہیں دے سکے۔‘

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اپنے محل نما گھر منت میں اپنی اہلیہ گوری خان اور 3 بچوں سمیت رہتے ہیں۔

تازہ ترین