• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوری کو ہنی مون پر پیرس کے بجائے دارجلنگ لے گیا تھا، شاہ رخ خان

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے ہنی مون کے موقع پر اپنی اہلیہ گوری کو بیوقوف بنایا تھا اور پیرس کا جھوٹ بول کے گوری کو دارجلنگ لے گئے تھے۔

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور گوری خان کی جوڑی کو بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیاب جوڑی تصور کیا جاتا ہے اور آج یہ جوڑی اپنی شادی کی 29ویں سالگرہ منا رہی ہے، اس موقع پر بھارتی خبر رساں ویب سائٹ کی جانب سے شاہ رخ خان کا وہ انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اداکار نے انکشاف ظاہر کیا تھا کہ اُنہوں نے ہنی مون پر گوری کو بیوقوف بنایا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے انٹرویو میں کہا کہ ’جب میری شادی ہوئی تو میں اس وقت بہت غریب تھا جبکہ گوری کا تعلق مڈل کلاس اور ایک کھاتے پیتے گھرانے سے تھا لہٰذا میں نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ ہماری شادی کے بعد میں آپ کو پیرس لے جاؤں گا اور آپ کو ایفل ٹاور دکھاؤں گا۔‘

شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ظاہر ہے یہ سب جھوٹ تھا کیونکہ میرے پاس نہ تو پیسے تھے اور نہ ہی میرے پاس جہاز کے ٹکٹ تھے لیکن کسی نہ کسی طرح میں نے گوری کو راضی کرلیا اور اُس سے کہا کہ میں تمہیں پیرس لیکر جا رہا ہوں۔‘

بالی وڈ کنگ نے کہا کہ ’اس طرح میں گوری کو بیوقوف بنا کر پیرس کے بجائے بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع دارجیلنگ لے گیا تھا۔‘

واضح رہےکہ شاہ رخ خان اور گوری کی پہلی ملاقات 1984 میں ہوئی تھی جب وہ دونوں دہلی میں ایک مشترکہ دوست کی پارٹی میں موجود تھے، اُس وقت شاہ رخ خان کی عمر صرف 18 سال تھی۔

بالی ووڈ کے اس جوڑے کو ایک نہیں بلکہ تین مرتبہ شادی کرنی پڑی۔ دونوں نے پہلے کورٹ میرج کی، اس کے بعد 26 اگست 1991 کو دونوں کا نکاح ہوا اور پھر 25 اکتوبر 1991 کو دونوں کی ہندو رسم ورواج کے مطابق شادی ہوئی۔

اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ جب ہماری شادی ہوئی تو گوری کے کئی رشتے دار خوش نہیں تھے، وہ پرانے خیالات کے لوگ تھے لیکن پھر بھی میں اُن کا اور اُن کی سوچ کا احترام کرتا ہوں۔

تازہ ترین