آپ آف لائن ہیں
منگل8ربیع الثانی 1442ھ 24؍نومبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

آقاؐ پہ اے شعورؔ درود و سلام بھیج

دن بھیج، رات بھیج، سحر بھیج، شام بھیج

گلدستہِ مدح و نعت کا اُن کی جناب میں

سو بار بھیج اور بصد التزام بھیج

ناچیز کو عطا ہو سعادت رسائی کی

اے دل! یہ عرضداشت نبیؐ جی کے نام بھیج

لبریز ہو جو زمزمِ عشقِ حبیبؐ سے

اِس تشنہ کام کے لئے ساقی وہ جام بھیج

سرکارؐ کی گلی مِری منزل ہے اے خدا

توفیقِِ پیش رفت مجھے گام گام بھیج

راس آگئی ہے خدمتِ انسانیت مجھے

پروردگار! اب نہ کوئی اور کام بھیج

ہیں مجتمع حضور کے مدحت سرا جہاں

داروغۂ بہشت! مجھے اُس مقام بھیج

یہ میرپورخاص کی سوغات ہے شعورؔ

طیبہ کے زائروں کو ارادت سے آم بھیج

تازہ ترین