• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—ویڈیو گریب
—ویڈیو گریب

امریکی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں میں آج یومِ عاشورہ کے موقع پر نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ان کے باوفا ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں جلوسِ عزا برآمد ہوئے۔

ہیوسٹن اور ڈیلس میں ہونے والے ان جلوسوں میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی، جہاں ہر دل پرسوز، ہر آنکھ اشکبار اور ہر سینہ ماتم گاہ بنا نظر آیا۔

ہیوسٹن میں مرکزی جلوس کا اہتمام انجمن پاسبانِ عزا کی جانب سے کیا گیا، جہاں شہر بھر سے مختلف مذہبی و عزاداری تنظیموں، انجمنوں اور اداروں نے شرکت کی۔

مرد، خواتین اور بچے سیاہ لباس میں ملبوس، سر جھکائے، دلوں میں کربلا کا درد لیے، حق کے پیغام کو بلند کرنے کے لیے لبیک یا حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی صدا کے ساتھ شریک ہوئے۔

جلوس کے راستے میں جگہ جگہ تعزیے، علم مبارک، تابوت اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیں، جن کے گرد عزاداروں کا ہجوم عقیدت و احترام سے سرشار دکھائی دیا۔

ڈیلس میں عاشورہ کا جلوس انجمن سرکارِ وفا کی قیادت میں ڈاؤن ٹاؤن کے جان ایف کینیڈی میموریل کے سامنے سے برآمد ہوا، اس جلوس کی قیادت معروف سماجی و مذہبی شخصیت علی رضوی نے کی۔

جلوس میں مومن سینٹر، علم سینٹر اور درِ حسین سے وابستہ عزاداروں سمیت ہزاروں مومنین و مومنات، خواتین، بزرگ اور بچوں نے شرکت کی۔

علمائے کرام نے جلوس کے شرکاء سے خطاب میں سانحۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کے یزید جیسے ظالم حکمراں کے سامنے کلمۂ حق بلند کر کے صرف تاریخ نہیں بدلی بلکہ انسانیت کو جبر کے خلاف کھڑے ہونے کا پیغام دیا۔

مومنین کا کہنا تھا کہ عاشورہ کا جلوس صرف غمِ حسین کا اظہار نہیں بلکہ ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کا عہد ہے، یہ جلوس نسلِ نو کو وہ پیغام دیتا ہے جو کربلا کے میدان میں حضرت امام حسین رضی اللّٰہ نے اپنے لہو سے تحریر کیا کہ ظلم کے سامنے جھکنا گناہ ہے اور حق کے لیے قربانی دینا فخر ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید