• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

یومِ عاشور کے موقع پر بریڈ فورڈ میں عزاداری کے روایتی اور پرامن مظاہرے کے ساتھ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

مرکزی جلوس حسینیہ اسلامک مشن سے برآمد ہوا جو مقررہ روایتی راستوں سے گزرتا ہوا اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

جلوس میں علمِ عباس، شبیہ ذوالجناح اور مختلف تعزیے شامل تھے، جنہیں دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود رہی، ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے جلوس میں شریک ہوئے۔

عزاداران امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے رہے۔

جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر عزاداروں کے لیے چائے، پانی، مشروبات اور کھانے پینے کی سبیلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

مقامی کمیونٹی نے یکجہتی، صبر اور بھائی چارے کی مثال قائم کرتے ہوئے ایک دوسرے کی خدمت میں پیش پیش کردار ادا کیا۔

شرکائے جلوس کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی قربانی انسانیت، حق، عدل اور سچائی کا پیغام ہے، جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کربلا فقط ایک معرکہ نہیں، بلکہ ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کی ایک روشن مثال ہے۔

جلوس مکمل طور پر پرامن رہا اور سیکیورٹی کے مناسب انتظامات موجود رہے۔

پولیس اور مقامی کمیونٹی کے رضاکاروں نے جلوس کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید