• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کا گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینےکا اعلان


وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینےکا اعلان کردیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب اور آزادی پریڈ سے خطاب بھی کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ خود کو جمہوری کہنے والے پاکستانی فوج اور عدلیہ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، جس چیز میں پاکستان کا فائدہ ہے، ان سیاست دانوں کا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ 30 سال سے اس ملک کو لوٹنے والے ایک ہو جائیں گے، یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن سے لوٹا جانے والا پیسہ معاف کر دیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ اب ریاستی اداروں کو خود دیکھوں گا کہ وہ ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں، آئندہ آنے والے دنوں میں قوم دیکھے گی کہ کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسند، پاکستان اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت برسرِ اقتدار ہے، منظم منصوبہ بندی سے پاکستان پر دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ان حالات میں آج مضبوط اور مستحکم فوج اور اداروں کی ضرورت ہے، دہشت گردوں کے سامنے ہمارے فوجی جوان سینہ سَپر ہیں، پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان آج محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف پر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، اپوزیشن نے اب فوج اور آئی ایس آئی کے سربراہوں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے، غداروں نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے مسلم اقوام کو غلام بنا دیا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ہم پاکستان کے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کو دیکھ رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو آج نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں، ان کا مقصد ایک ہے، کسی طرح انہیں بلیک میل کر کے این آر او لے لیں، قوم پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کبھی ان ڈاکوؤں کو معاف نہیں کروں گا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنے دورۂ گلگت بلتستان کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان دنیا کے 2 بلند ترین نیشنل پارکس نانگا پربت اور ہمالیہ نیشنل پارک کا دورہ کریں گے۔

گلگت بلتستان میں دونوں نیشنل پارکس ساڑھے 4 ہزار مربع کلو میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو نیشنل پارکس میں درختوں اور جنگلی حیات کی حفاظت پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

تازہ ترین