• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامی اور سیاسی اصلاحات گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، پاکستان

اسلام آباد، کراچی (اے پی پی، نیوز ڈیسک) پاکستان نے گلگت بلتستان کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ اوربلاجواز بیان کو دو ٹوک انداز میں مسترد کردیا، دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا قانونی ، اخلاقی یا تاریخی اعتبار سے اس معاملے سےکوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اتوار کو جاری پریس ریلیز میں مزید کہا کہ انتظامی ، سیاسی اور معاشی اصلاحات گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، عبوری اصلاحات گلگت بلتستان کی مقامی آبادی کی امنگوں کی عکاس ہیں۔دوسری جانب انڈیا نے پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستا ن کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کے اقدام کو مسترد کردیا ہے ، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انو راگ شری واستو نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان، جموں وکشمیر اور لداخ انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقوں پر بھارت نے 73 برسوں سے زیادہ عرصہ سے غیر قانونی اور زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے علاقوں پر اپنے غیرقانونی اور زبردستی قبضے کو فی الفور ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق اور اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ایک آزاد اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے دہی کا کشمیریوں کو حق دے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین