واشنگٹن( جنگ نیوز) امریکی صدارتی انتخاب ، ایگزیٹ پول میں فلوریڈا، پنسلوینیا، اریزونا، مشی گن اور وسکونسن ٹرمپ کے ہاتھ سے نکل گئیں، بائیڈن کو برتری حاصل،2016میں امریکی صدر ٹرمپ کو ان 5ریاستوں میں سے 4میں برتری حاصل ہوئی تھی۔اتوار کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران طنز کرتے ہوئےکہا کہ نتائج کے لیے تاریخ بڑھا دیں تاکہ اور لوگ ووٹ ڈال لیں، انہوں نے کہا کہ نتائج کی تاریخ بڑھانا مایوس کن ہے، جب وقت تھا تو لوگوں نے اپنا ووٹ ڈالا کیوں نہیں، دھاندلی 3 نومبر سے اس عرصےکے دوران ہوگی جو سپریم کورٹ دےگی۔امریکی صدر نے کہا کہ کاش سپریم کورٹ مجھ سے اچھا برتاؤ کرتی، ری پبلکنز یقینی بنائیں کہ 3 نومبر کو ووٹ ڈالیں، ایک دوسرے کوپکڑ کر پولنگ بوتھ لے جائیں اور ماتحت اپنے افسرکو بھی لےکر ووٹ ڈلوائے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو دلدل کے کیڑوں سے تشبیہ دی اور کہا کہ جو بائیڈن آئے تو کورونا ویکسین مزید التوا کا شکار ہو گی، پھر سے لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا،علاوہ ازیں امریکی صدر 5ریاستوں میں اپنی انتخابی مہم کے پیغامات پہنچائے، ریئل کلیئر پولیٹکس نامی پول میں بائیڈن کو ٹرمپ پر برتری لیتے ہوئے بتایاگیاہےجبکہ فلوریڈا میں امریکی صدر ٹرمپ نے ریلی کے شرکاء سے کہاکہ دیکھیں ہم یہاں لیڈ کر رہے ہیں،ہم جارجیامیںبھی لیڈ کر رہے ہیں،انہو ں نے ڈیموکریٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ کہتے ہیں کہ ٹیکساس میںمقابلہ سخت ہے،میں ایسا نہیں سمجھتا۔دوسری جانب ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جوزف بائیڈن اور انکی اہلیہ نے دن کا آغاز اپنے گھر کےقریب چرچ میں دعائیہ تقریب سے کیا، بعد ازاں انہوں نے قریبی ریاستوں میں اپنی انتخابی مہم چلائی،ان ریاستوں میں پنسلوینیا اور فلاڈلفیا شامل رہیں۔ بائیڈن نے اپنی انتخابی مہممیںٹرمپ کو کورونا وباء روکنے میں ناکامی پر آڑے ہاتھوں لیاا ور کہا کہ2لاکھ 30ہزار امریکی کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں اور ٹرمپ وباء کو کنٹرول کرنےمیں ناکام ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ شاید ٹرمپ نے ہار مان لی ہے لیکن وہ اس وباء کیخلاف جنگ میں ہار نہیں مانیں گے۔بائیڈن کی انتخابی مہم کی مشیرانیتاڈن نے کہاہےکہ الیکشن کے روز ہم دیکھیں گے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعدادووٹ ڈالنے کے لیے نکلی ہے کیوں کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں،امریکی شہری ایک ایسا رہنما چاہتے ہیں جو امریکیوں کو تقسیم کے بجائے متحد کرے۔