برسلز(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے صدر چوہدری زاہد حسین بھدر نے گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بنائے جانے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کا مسئلہ کئی برس سے حل طلب تھا جسے سابقہ حکومتیں تو نہ حل کرسکیں، اس مسئلہ کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی حکمت و دانش سے حل کرتے ہوئےعوام کے حقوق بحال کیے ۔گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ ملنے سے جہاں ترقیاتی کاموں سے علاقے میں خوشحالی آئے گی وہیں عوام کے روزگار میں اضافہ بھی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مثالی صوبہ بنانے کےلیے عمران خان نے عملی قدم اٹھایا ہے، اس سے عوام کے تحفظ اور جان و مال کے ساتھ ساتھ ساز گار ماحول میں فوائد حاصل ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی پروپیگنڈا کے ذریعے عوام میں نفاق کی فضا کو بڑھاوا دے کر گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں رخنے ڈالنے میں مصروف ہیں۔ ان کی سازشیں کبھی بھی کامیاب نہ ہوں گی ۔ ہم وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم پاکستان کی ترقی کی خاطر اٹھاۓ جانے والے اقدامات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس سے مسئلہ کشمیر کوبھی تقویت ملے گی اور تحریک کشمیر مذید مضبوط ہوگی۔انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات سے دورس نتائج برآمد ہوں گے اور عوام میں خود اعتمادی پیدا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھاۓ تاکہ کشمیری عوام آزادانہ ماحول میں اپنی زندگیاں خوش و خرم بسر کرسکیں۔