کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ا ین بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ناردرن نے کپتان نعمان علی کے 11 شکار کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے ہرادیا ۔ ناردرن نے دوسری اننگز میں 33 رنز کا ہدف محض پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان علی نےدوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںمیچ کے آخری روز سدرن پنجاب کو جیت کے لیے مزید84 رنز جبکہ بلوچستان کو7 وکٹیں درکار ہیں۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے154 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر70 رنز بنالیے ہیں۔ سیف بدر 23 اور عمر صدیق 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل 41 رنز کے سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بلاول بھٹی کی جگہ کن کشن متبادل کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہونے والے محمد عباس نے 2 وکٹیں اور اسپنر زاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ کو اپنی دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا پر 128 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔ 54 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر3 وکٹ پر74 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے 361 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 307 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسرار اللہ نے 67 ، ریحان آفریدی 53 اور عثمان شنواری نے 49 رنز بنائے۔ عاشق علی نے 5 جبکہ سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔