• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی کمشنر کی گوجر خان میں ریونیو کھلی کچہری کوٹلی ستیاں سکول پر حملے کی انکوائری کا حکم

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوار الحق نے تحصیل گوجر خان میں ریونیو عوامی خدمت کچہری لگائی۔ انکے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان اور دیگر ریونیو افسران اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گوجر خان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ اُنہوں نے سبزی منڈی‘ قصائی‘ پرچون دکانوں‘ دودھ دہی بیکرز سمیت مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور انکے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سختی سے تنبیہ کی کہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیائے خوردو نوش فروخت کریں۔ ادہر ڈپٹی کمشنر انوار الحق سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے ملاقات کی اور کوٹلی ستیاں کے ایک نجی تعلیمی ادارے پر ہونیوالی غنڈہ گردی اور اسکول مالک پر فائرنگ بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اے سی کوٹلی ستیاں کو فون کر کے معاملہ کی انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ ابرار احمد خان نے بتایا کہ پولیس کے عدم تعاون کے باعث مسلح افراد تعلیمی ادارے پر اسلحہ سمیت حملہ آور ہوئے جس سے بعض طالب علم بھی زخمی ہوئے۔ بعدازاں ایف آئی آر کاٹ دی گئی تاہم ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی گئی۔
تازہ ترین