• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ولیم کے اپریل میں کورونا کاشکار ہونے کاانکشاف

لندن(پی اے ) ڈیوک آف کیمبرج شاہی خاندان کے رکن اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم، ڈیوک آف کیمبرج اپریل میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، شاہی محل کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ شہزادہ ولیم میں کورونا کی تشخیص اسی دوران ہوئی تھی جب ان کے والد کورونا کاشکار ہوئے تھے۔ برطانوی اخبار سن نے سب سے پہلے یہ خبر دی تھی، تاہم عوام میں خوف و ہراس پھیلنے سے روکنے کیلئے اس بات کو عوام سے خفیہ رکھا گیا۔ برطانوی اخبار میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم میں رواں ماہ اپریل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اپریل میں شاہی خاندان نے ان کا علاج خفیہ رکھا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم نے 9 سے 16 اپریل کے دوران شاہی امور سے 7 دن کا وقفہ لیا تھا۔ شہزادہ ولیم کے کورونا میں مبتلا ہونے یا نہ ہونے سے متعلق شاہی محل یا شہزادہ ولیم کے ذاتی دفتر نے بات کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ولیم کورونا کا شکار ہوگئے تھے۔  رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ شہزادہ ولیم نے کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا جبکہ اس دوران انہوں نے گھر سے بیٹھ کر آن لائن کچھ اہم معاملات بھی نمٹائے اور کانفرنسز میں بھی ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی۔ اطلاعات کے مطابق اپریل کے دوران شہزادہ ولیم نے 14ٹیلی فون اور ویڈیو کالز میں شرکت کی، اپریل کے اوائل میں ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج نے لنکاشائر کے علاقے برن لے کے ایک پرائمری اسکول میں کلیدی ورکرز کے بچوں کو ویڈیو کال کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق شہزادہ چارلس مارچ میں کورونا کاشکار ہوئے تھے اور ان میں کورونا کی علامات معمولی تھیں لیکن انھوں نے اسکاٹ لینڈ میں 7 دن کیلئے آئسولیشن اختیار کی تھی اس دوراب ڈچزآف کارن وال میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا اور انھوں نے 14دن کیلئے آئسولیشن اختیار کی،بعد میں 71سالہ پرنس آف ویلز نے کہاتھا کہ انھیں بہت ہی معمولی علامات تھیں ،صحتیابی کے بعد اپنے پہلی عوامی مصروفیات کے دوران شہزادہ چارلس نے کہاتھا کہ ابھی تک ان کے سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت پوری طرح بحال نہیں ہوئی ہے ۔ اپریل میں برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی کورونا کاٹیسٹ پازیٹو آنے پر ہسپتال میں داخل ہوئے تھے انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیاتھا اور ہسپتال سے رخصت ہوتے ہوئے انھوں نے اپنی جان بچانے پر ہیلتھ کیئر ورکرز کاشکریہ ادا کیاتھا۔ شہزادہ ولیم کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب برطانیہ میں جمعرات سے دوسری مرتبہ 4 ہفتے کیلئے لاک ڈائون کی پابندیاں نافذ کی جارہی ہیں۔
تازہ ترین