• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب آپ آئین توڑتے ہیں تو کسی دن حساب دینا پڑتا ہے، شاہد خاقان


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ جب بھی آپ آئین توڑتے ہیں تو کسی نہ کسی دن حساب دینا پڑتا ہے، سندھ، پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں بھی صوبوں کا مطالبہ ہے،الیکشن میں جھوٹا نعرہ نہیں لگانا چاہئے،2018ء کے الیکشن کی طرح گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی لوگوں کو توڑا جارہا ہے، گلگت بلتستان صوبے کے معاملے کو الیکشن کا ایشو نہیں بنانا چاہئے،الیکشن کے بعد پارلیمان میں غور کیا جائے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ کیسے بنایا جائے، الیکشن میں جھوٹا نعرہ نہیں لگانا چاہئے، وزیراعظم کہہ ہی نہیں سکتے کہ میں صوبہ بنارہا ہوں،کوئی جماعت اکیلے گلگت بلتستان کو صوبہ نہیں بناسکتی، مسلم لیگ ن میں کوئی تقسیم نہیں نہ ہی دو بیانیے ہیں، آٹا اور چینی مہنگی ہونے کی وجہ صرف اور صرف کرپشن ہے، ایاز صادق نے فوج کے بار ے میں کوئی بات نہیں کی، پی ڈی ایم میں تمام جماعتوں کا بیانیہ ایک ہے کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی اور سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کے کلپس بھی دکھائے گئے۔سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ گیارہ نومبر کو چوبیس اکتوبر سے زیادہ بڑا احتجاج کرنے جارہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سنسرشپ ختم کی جائے، ایک بڑے میڈیا گروپ کے ایڈیٹر انچیف کو جس انداز میں گرفتار کر کے کسی مقدمہ کے بغیر آٹھ مہینے سے جیل میں رکھا ہے انہیں رہا کیا جائے، اسی طرح ہزاروں میڈیا کارکن بیروز گار ہیں اور وقت پر تنخواہیں ادا نہیں ہورہی ہیں۔سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ پی ایف یو جے نے تین نومبر 2007ء کو ایک تحریک چلائی تھی جس کا مقصد میڈیا اور عدلیہ کی آزادی تھا، آج تیرہ سال گزرنے کے بعد حالات 2007ء سے بھی بدتر ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین