اسلام آباد(نمائندہ جنگ، اے پی پی) چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بینچ اور بار نظام عدل کا لازمی حصہ ہیں،موثر نظام عدل کیلئے بینچ اور بار میں اچھے تعلقات ضروری ہیں، جج کو تعصب سے بالاتر ہو کر قانون کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، جبکہ جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ ججوں کے ہاتھ آئین اور قانون سے بندھے ہوئے ہوتے ہیں، میں نے سینئرججوں اور ان کے فیصلوں سے رہنمائی حاصل کی ہے ،کوئی انفرادی شخص ادارے سے بڑا نہیں ہو تا ، عدلیہ بطور ادارہ آئین اور قانون کے تحت ہی کام کرتی ہے۔ بدھ کو جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں سپریم کورٹ کے تمام ججوں کے علاوہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان ،لاء افسران ، سپریم کورٹ بار ایسوسی سیشن کے سابق صدر سید قلب حسن اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔فاضل چیف جسٹس گلزار احمدنے جسٹس فیصل عرب کی اعلی عدلیہ اور ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نرم مزاج ، راست باز اور عجزو انکسار رکھنے والی شخصیت کے مالک ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ہی حالات اور شخصیات سے مرعوب ہوئے بغیر فیصلے کرنے کی ہمت دکھائی ہے، انہوں نے کہاکہ جسٹس فیصل عرب نے اپنے کئیریر میں بہت ہی شاندار اور اہم فیصلے دیئے ہیں۔