تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:سدرہ
نائٹ ڈریسز: Solace
آرایش:دیو ابیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
فیشن نگری کی تاریخ بتاتی ہے کہ رات کی پوشاک(نائٹ ڈریس)کے لیے1530ء کے اوائل میں’’نائٹ گاؤن‘‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی ۔اُس دَور میں ایک مخصوص طبقے میںنائٹ گاؤن استعمال کیا جاتا تھا، پھر وقت کے ساتھ ان پہناووں کے انداز بدلنے لگے اور انیسویں صدی کے وسط تک شب میں پہنے جانے والے ملبوسات کا استعمال عام ہوگیا۔ اور اب تو ساٹن سِلک، سوتی کپڑے کے علاوہ مختلف فیبرکس میں کئی اندازخاصے مقبولِ عام ہیں۔ جیسے وکٹورین نائٹ گاؤن، کاٹن نائٹ وئیر گاؤن، فُل سلیوز نائٹ وئیر،نائٹ کفتان، نائٹ میکسی، نائٹ کپری سوٹ اور پاجاما سوٹ وغیرہ۔ چوں کہ پاکستانی خواتین (لڑکیوں، بچیوں)میںپاجاما سوٹس زیادہ اِن ہیں، تو آج ہم نے اپنی بزم کچھ دیدہ زیب و دِل کش پاجاما سوٹس ہی سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے،ساٹن سِلک میں آسمانی اور گہرے جامنی کے امتزاج میں پولکا ڈاٹس کا پاجاما سوٹ کیسا بھلا لگ رہا ہے۔رائل بلیو اور بےبی پنک رنگوں کے کنٹراسٹ میں پرنٹڈ نائٹ سوٹ اچھا انتخاب ہے، تو سفید اور سیاہ کے سدابہار کامبی نیشن میں ڈھیلی ڈھالی قدرے شارٹ شرٹ بھی فرل سلیوز کے ساتھ جچ رہی ہے۔
گہرا نیلا رنگ پرنٹڈ فرنٹ اوپن نائٹ ڈریس پائپنگ اور سائیڈ پاکٹ کے ساتھ کِھل رہا ہے، تو آرکیڈ کے ساتھ سفید رنگ کے کنٹراسٹ میں شرٹ، پاجاما بھی جاذبِ نظرہےاور سوتی فیبرک میں بٹرفلائی پرنٹڈ ڈریس خوش نُما انتخاب ہے،تو انڈیگو رنگ ہارٹ پرنٹڈ لباس کی جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے۔