• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم میں سب جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے، محمد زبیر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ پی ڈی ایم میں سب جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں یہ ممکن نہیں کہ انہوں نے بغیر ثبوت کے نام لئے ہوں گے،شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ وزراء غلط معلومات کے ساتھ میڈیا کیخلاف بیانیہ بنانے کی کوشش تو کرسکتے ہیں مگر پالیسی نہیں بناسکتے، وزراء معلومات چھپا کر وزیراعظم سے اپنی ناکامی تو چھپالیتے ہیں مگر حکومت کی ناکامی اور ملک کا نقصان نہیں چھپاسکتے۔مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف سے ثبوت نہیں مانگے ہیں، پی ڈی ایم میں سب جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہوتی ہے ان کے ایشوز ہوتے ہیں، نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں حقائق پر مبنی بات کی تھی، 2013ء سے 2018ء تک ن لیگ کی حکومت نے اس سب کا سامنا کیا تھا۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور نواز شریف کی باتوں میں بہت تھوڑا سا فرق ہے، بلاول بھٹو نے سب سے پہلے عمران خان کو سلیکٹڈ وزیراعظم قرار دیا ، بلاول بھٹو جن سلیکٹرز کی بات کرتے ہیں نواز شریف نے ان کا نام لے لیا ہے، کراچی میں کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کیلئے جس طرح کارروائی کی گئی اس پر بلاول نے خود برملا شدید ترین طریقے سے ردعمل کا اظہار کیا۔ محمد زبیر نے کہا کہ گوجرانوالہ میں نواز شریف کی تقریر تاریخی تھی، دو دن بعد کراچی میں نواز شریف نے خطاب نہیں کیا تاکہ قوم کو یہ باتیں ہضم ہوجائیں، پچیس اکتوبر کو نواز شریف نے دوبارہ کوئٹہ میں تقریر کی تھی، پیپلز پارٹی نے کراچی جلسے میں نواز شریف کو تقریر کرنے سے منع نہیں کیا تھا، اے پی سی کے اعلامیہ میں بھی جو باتیں کی گئیں وہ پہلے نہیں کہی جاتی تھیں، نام لینے یا نہ لینے سے متعلق پیپلز پارٹی کا اپنا موقف ہوسکتا ہے، پی ڈی ایم کی جماعتوں میں اس بات پرا ختلاف نہیں کہ پاکستانی سیاست میں کتنی زیادہ مداخلت ہے آئندہ اسے ختم ہونا چاہئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی 1967ء سے سیاست میں مداخلت کیخلاف بات کررہی ہے، ہمارے ساتھ ہر دور میں ایسا ہوتا رہا لیکن اب یہ نہیں ہونا چاہئے، پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کا نام لیا تو ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ لیا، نواز شریف تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں یہ ممکن نہیں کہ انہوں نے بغیر ثبوت کے نام لیے ہوں گے، نواز شریف جب چاہیں گے ثبوت عوام کے سامنے لائیں گے، نواز شریف اپنی بات کہنے میں آزاد ہیں جو چاہے کہہ سکتے ہیں، ہمارا اتفاق رائے پی ڈی ایم کے چھبیس نکاتی اعلامیہ پر ہے، اپوزیشن جماعتوں کے اس سے ہٹ کر اپنے اپنے ایجنڈے ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین