اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) آئی جی سندھ کے مبینہ اغواء اور مزار قائد کی بے حرمتی کیس پر آرمی چیف کی جانب سے کروائی گئی انکوائری رپورٹ کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) تقسیم ہو گئی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آئی جی واقعے کی انکوائری مکمل ہونے کا خیرمقدم کرتا ہوں،مجھے خوش خبری ملی ہے کہ انکوائری ہوئی ،انکوائری مکمل ہوئی اور ایکشن بھی لیا گیا، جنرل باجوہ کا انکوائری اورایکشن پر مبنی اقدام کا خیرمقدم کرنا چاہیے، ایسے اقدامات سے اداروں کے وقار میں اضافہ ہوتا ہے، جمہوری طریقہ یہی ہے کہ غلطی ہوتو تحقیقات ہو اورایکشن لیا جائے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ مسترد کردی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے اغواء کے واقعے کی انکوائری رپورٹ میں اصل ذمہ داروں کو بچایا گیا ہے جبکہ ان ذمہ داران کو بچانے کیلئے ماتحت افسروں کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے، ہم اس انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان اور اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے انکوائری رپورٹ کو جمہوری قوتوں کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے انکوائری رپورٹ منظر پر لانے کا مطالبہ کیا تھا جو کہ پورا ہوا، خوشی ہے کہ انکوائری کی رپورٹ جلد منظرعام پر آ گئی ہے۔
واقعے کے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ پر کئی اتحادیوں کو تحفظات ہیں جن پر پی ڈی ایم اجلاس میں مشاورت کی جائے گی۔