بحرین کے وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان ال خلیفہ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان طبیعت کی ناسازی کے باعث امریکہ کے مائیو کلینک میں زیرعلاج تھے۔
84 سالہ شیخ خلیفہ بن سلمان ال خلیفہ کی تدفین بحرین میں کی جائے گی۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی ال خلیفہ نے ملک بھر میں ایک ہفتہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران سرکاری پرچم سرنگوں کیے جائیں گے نیز کل جمعرات سے تمام سرکاری محکموں میں تین دن تعطیل ہوگی۔
شیخ خلیفہ بن سلمان بحرین کے طویل ترین دورانیے تک وزیر اعظم رہے۔ وہ 1970 میں بحرین کے وزیر اعظم بنے تھے اور اپنی وفات تک اس عہدے پر فائز رہے۔
شیخ خلیفہ بن سلمان 24 نومبر 1935 کو پیدا ہوئے۔ وزیر اعظم بننے سے قبل وہ سٹیٹ کونسل اور سپریم ڈیفینس کونسل کے بھی سربراہ رہے۔