• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) وسیم خان نے بتایا ہے کہ یونس خان کا تقرر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونس خان ، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بطور بیٹنگ کوچ کام کریں گے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان سے دو سال کا کنٹریکٹ خوش آئند ہے ، امید ہے یونس خان کی تقرری سے باصلاحیت بیٹسمین کو بہت فائد ہ ہوگا۔

اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔

پاکستان کرکٹ کے کامیاب ترین بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی ذمہ داریاں نبھائیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔

یونس خان نے 2000 سے 2017 تک محیط اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10ہزار 99 رنز بنائے۔ سری لنکا کے خلاف کراچی میں 313 رنز کی اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز تھی جس کی بدولت انہیں آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی۔

‏ یونس خان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے، ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین