بالی ووڈ میں می ٹو مہم کا آغاز کرنے والی بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ اُن کی بالی ووڈ میں واپسی ہورہی ہے جس کے لیے انہوں نے اپنا وزن بھی کم کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے ، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں واپسی کر رہی ہیںجس کے لیے انہوں نے 15 کلو وزن کم کرلیا ہے۔
معروف تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنی ایک تازہ ترین فوٹو شیئر کی ہے جس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے ایک طویل پیغام لکھا ہے۔ تنوشری دتہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’کچھ پرانی خبریں چل رہی ہیں کہ میں ایل اے میں ایک آئی ٹی جاب کر رہی ہوں بلکہ میں تو آئی ٹی کے لیے ٹریننگ لے رہی تھی اور میرے پاس یو ایس حکومت کے ڈیفنس سیکٹر میں ایک شاندار آئی ٹی جاب کا موقع بھی تھا لیکن میں نے اُسے نہیں لیا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ میں اپنا آرٹسٹک کیریئر ایک بار پھر سے تلاش کروں۔‘
تنوشری دتہ نے لکھا کہ ’میں دل سے ایک فنکارہ ہوں جس نےکچھ بہت خراب لوگوں کی وجہ سے اور اُن کیطرف سے دی جانے والی پریشانیوں کی وجہ سے اپنی فنکاری کے راستے کو کھو دیا ہے۔ ‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں نے طے کیا ہے کہ میں اپنا پیشہ بدلنے میں جلد بازی نہیں کروں گی اور ایک بار پھر سے بالی ووڈ میں واپسی کے بارے میں سوچوں گی۔ میری بالی ووڈ اور ممبئی میں بہت اچھی پہچان ہے، اس لیے میں بھارت واپس آگئی ہوں۔ میں کچھ وقت یہیں رہوں گی اور کچھ دلچسپ پروجیکٹس میں کام کروں گی۔ ‘
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’مجھے فلم اور ویب سیریز کے طور پر بالی ووڈ میں کافی کام مل رہا ہے۔ انڈسٹری میرے دشمنوں کو کاسٹ کرنے کے بجائے مجھے کاسٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔ ‘
تنوشری نے اپنے آنے والے پروجیکٹس کے بارے میںبات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں 3 بڑے ساؤتھ فلم منیجروں کے ساتھ رابطے میں ہوں، جو میرے لیے ساؤتھ کے بڑے پروجیکٹس تلاش کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی میںبھی کچھ لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ انڈسٹری کی کچھ پاور فل اور بڑی شخصیات میری خاموش سے مدد کر رہی ہیں کیونکہ وہ سچ جانتے ہیں اور میرے خیر خواہ ہیں۔ اس کے علاوہ میں کئی بڑے پروڈکشن ہاؤس میں بھی پروجیکٹ میں لیڈ رول کے لیے بات کر رہی ہوں۔ ‘
اداکارہ نے کہا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے شوٹنگ ڈیٹس میں پریشانیاں آرہی ہیں۔ اس لیے میں کوئی ٹھوس اعلان نہیں کر پا رہی ہوں۔ میں نے حال ہی میں ایک کمرشل کی شوٹنگ کی ہے، جس میں میں اچھی نظر آرہی ہوں کیونکہ میں نے 15 کلو وزن گھٹایا ہے۔ ‘
واضح رہے کہ اداکارہ تنوشری دتہ نے سال2018 میں بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔
انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ سال 2009 میں ایک گانے کی عکس بندی کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور ساتھ ڈانس کرنے پر زور دیا جبکہ وہ ان کا سولو شوٹ تھا۔