• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ لندن میں پولیس سٹیشن کی عمارت سے کار ٹکرانے والا گرفتار

لندن (پی اے) نارتھ لندن میں کار ٹکرانے کے بعد ایڈمنٹن پولیس سٹیشن کی عمارت کو خالی کروا لیا گیا۔ یہ حادثہ بدھ کے روز مقامی وقت 19:00 جی ایم ٹی سے کچھ پہلے ایڈمنٹن میں پیش آیا۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ اس نے دیکھا کو ایک شخص کار پر پٹرول چھڑک رہا ہے اور اسے آگ لگا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک گاڑی جزوی طور پر عمارت کے داخلی دروازے میں گھس گئی۔ پولیس نے 45 سالہ شخص کو آتش زنی اور دیگر جرائم کے شبہ میں گرفتار کر لیا۔ میٹ پولیس نے کہا کہ واقعے کو دہشت گردی سے منسلک نہیں سمجھا جارہا ہے۔ لندن ایمبولینس سروس اور لندن فائر بریگیڈ دونوں کو جائے حادثہ پر فور سٹریٹ میں طلب کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آفیسرز اور قریبی رہائشی واپس جا سکتے ہیں، جن کو ابتدائی طور پر عمارت سے باہر نکالا گیا تھا اور اب انہیں گھر جانے کی اجازت ہے۔ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ قبل ازیں انفیلڈ کونسل لیڈر نیسل کالیسکن نے اس حادثے کو ایک بڑا واقعہ قرار دیا تھا اور لوگوں کو علاقے میں جانے سے گریز کی ہدایت کی تھی۔ 34 سالہ سٹور مینجر اوگور موزلم نے عمارت سے کار کے ٹکرانے کا منظر دیکھا تھا۔ اس کی اہلیہ سیرائف موزلم کا کہنا ہے کہ وہ مجھے فون کرنے اور یہ دیکھنے کیلئے دکان سے باہر نکلا تھا کہ گھر میں سب کچھ ٹھیک ہے یا نہیں۔ پھر اس نے کہا مجھے جلدی سے فون بند کرنا پڑے گا یہ وہ وقت تھا جب اس کے سامنے کار پولیس سٹیشن کے سامنے والے حصے سے ٹکرا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر، جو محدود انگریزی بولتے ہیں، نے دیکھا کہ کار تھانے کے داخلی دروازے کے شیشے سے ٹکرا گئی تھی اور ایک شخص دوسری رکاوٹ عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ اندر جانے پر اصرار کر رہا تھا لیکن شیشے کا دروازہ مزید ٹوٹ نہیں سکا تھا۔ اس لیے وہ مزید قریب نہیں جا سکا تھا۔ پھر وہ پٹرول کے ٹینک کے ساتھ کار سے باہر آیا اور اس نے اسے کار اور سڑک کے وسط میں چھڑک دیا اور آگ لگا دی۔ اس کے فوری بعد کی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس آفیسرز اس سے نمٹنے اور شعلوں کو بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسز موزلم نے کہا کہ جب ڈرائیورنے آگ لگائی تو سڑک کے پار سے یہ منظر دیکھنے والا ایک اور شخص بھاگ کر مداخلت کیلئے آیا۔ اس نے ڈرائیور کو زمین پر گرا دیا، اسی دوران پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پولیس گاڑیوں سے باہر نکلی تو اس وقت تک شہری اسے زمین پر گرا چکے تھے۔ میئر لندن صادق خان نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے بارے میں میٹرو پولیٹن پولیس کمشنر کریسیڈا ڈک سے مستقل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں پولیس آفیسرز اور دیگر ایمرجنسی سروسز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس صورت حال کو کنٹرول کیا اور اس واقعے کی چھان بین جاری ہے۔
تازہ ترین