• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا عدالتی نوٹس تعمیل نہ کروانے پر اظہارِ برہمی

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے پاکستان اسٹیٹ آئل کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر امجد پرویز جنجوعہ کی جانب سے وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر ہی 9لاکھ روپے کی بجائے 18لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرنے سے متعلق مقدمہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی وفاقی حکومت کی اپیل کی سماعت کے دوران مسول الیہ امجد پرویز کو عدالت کا نوٹس تعمیل نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری پٹرولیم کو خود عدالت کا نوٹس سابق ایم ڈی تک پہنچا کر تعمیل کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی تو عدالت کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ امجد پرویز کو عدالتی نوٹس نہیں پہنچ سکا ہے جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے نوٹس انہیں پہنچانے کا حکم دیا تھا،جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی رہائش تبدیل ہوچکی ہے اور ان کے نئے ایڈریس پر نوٹس نہیں پہنچ سکا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی ہمیں یہی بتایا گیا تھا وہ پنشن لے رہا ہے تو اس کے ایڈریس کے بارے میں معلوم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

تازہ ترین