کراچی ، گلگت (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حق ملکیت اور حق روزگار جمہوری طریقےسے اور الیکشن سے لیے جاتےہیں ،کسی سے سفارش نہیں لیں گے، گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی ایک نئی آئی جے آئی کا مقابلہ کررہی ہے‘ کسی کو ووٹ چوری نہیں کرنے دیں گے ، پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملا لیکن 15نومبر کو پیپلز پارٹی واضح اکثریت کے ساتھ جیتے گی۔
جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران ہمیں صوبہ بدر کرنے کی کوشش کی گئی،انتخابی مہم کے اہم اورآخری دن پابندی لگادی، فیصلہ پسند نہ ہونے کے باوجود تسلیم کررہا ہوں‘نہیں چاہتے گلگت بلتستان میں انتخابات متنازع ہوں۔
اب بھی اگر ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو صورتحال خوف ناک ہوگی‘وفاقی حکومت دھاندلی سے گلگت کے عوام کوبے وقوف بناناچاہتی ہے‘یہ دھاندلی سے الیکشن جیتناچاہتے ہیں‘ عوام جانتے ہیں کہ حکومت غریب دشمن ہے‘ مخالفین کے پاس گلگت کیلئے ایک بھی پروگرام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی و جمہوری آزادی ہو، جن کے پاس سیاسی عہدہ ہو، پارٹی کی قیادت ہوتو ان کو انتخابی مہم جاری رکھنے سے نہیں روکا جاسکتا ورنہ وہ ہمارے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
مقامی عدالت کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں اس اْمید کے ساتھ گئے تھے کہ اس ناانصافی کو روکا جائے گا ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالت نے ہمیں صوبہ بدرتونہیں کیالیکن انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کردی ۔