• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی لہر کے مقابلے میں عوام کی اکثریت کورونا خطرے سے بے خوف

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے باوجود عوام میں خطرے کا احساس اس سطح پر نہیں جیسا اپریل 2020 میں تھا کورونا کی پہلی لہر کےمقابلے میں عوام کی اکثریت وائرس کے خطرے سے بے خوف، اس بات کا انکشاف ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس کے سروے میں ہوا جس میں ملک بھر سے 1 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ 

یہ سروے 28 اکتوبر سے 04 نومبر 2020 کے درمیان کیا گیا، اپریل 2020 میں کورونا سے خود کو خطرہ سمجھنے والوں کی شرح 50 فیصدتھی، فیملی کےلیے خطرہ سمجھنے والوں کی شرح 48 فیصد، کمیونٹی کے لیے 34 فیصد جبکہ پاکستان کے 83 فیصد اس وائرس سے خطرات کا اظہار کر رہے تھے۔

سروے کے مطابق 92فیصد لوگ کورونا سے آگاہی رکھتے ہیں، سروے میں 35 فیصد افراد نے خود کے کورونا سے متاثر ہونے خطرے کے اظہا ر کیا، 35 فیصدنے ہی فیملی، 34 فیصد نے اپنی کمیونٹی اور 43 فیصد نے کورونا سے پاکستان کو خطر ہ کہا۔

سروے میں دیکھا گیا کے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے ساتھ اس وائرس کے بارے میں عوام میں آگہی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ 

جو موجودہ سروے میں 92 فیصد دیکھی گئی جبکہ صرف 8فیصد کورونا وائرس سے ناواقف نظر آئے ۔

سروے میں یہ چیز نوٹ کی گئی کے بچوں کو اسکول بھیجنےپر اطمینان کا اظہار کرنے والے والدین کی شرح کم ہوئی ہے ۔ 

گزشتہ سروے میں 90 فیصد افراد نے بچوں کو اسکول بھیجنے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا لیکن موجودہ سروےمیں اس کی شرح 39 فیصد کمی کے بعد 51 فیصد ہوگئی ۔

کورونا کی دوسری لہر کے خطرات کا اظہار کرنے والوں میں 77 فیصد نے اپنے خدشات کی وجہ عوام کا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنا بتایا۔ 57فیصد نے دنیا بھر میں کیسز بڑھنے کے رجحان تو 51 فیصد نے مارکیٹوں کے دیر سے بند ہونے کو کورونا کی دوسری لہر آنے کے خطرات کی اہم وجہ قرار دیا۔

آئی پی ایس او ایس کے مطابق سروے میں 50 فیصد افراد نے 2020 کے اختتام تک کورونا کی ویکسین کے دستیاب ہونے کی امید ظاہر کی ۔جبکہ سروے میں شامل ہر 5 میں سے3 افراد نے یعنی 62 فیصد نے کورونا کی ویکسین دستیاب ہونے کی صورت میں استعمال کرنے کا کہا۔ جبکہ 38 فیصد نے اس کے برعکس رائے دی۔

جن افراد نے ویکسین نہ لگوانے کا کہا اس میں سے 28 فیصد نے ویکسین کے متوقع منفی اثرات کو ویکسین نہ لگوانے کی اہم وجہ قرار دیا۔ 27 فیصدنے کہا کے وہ عمومی طور پر ویکسین کیخلاف ہیں۔

23 فیصد نے کہا کے ان کے خیال میں ویکسین موثر نہیں ہوگی جبکہ 20 فیصد نے کہا انہیں کورونا سے کوئی خطرہ نہیں اس لیے ویکسین نہیں لگوائیں گے۔

سروے میں یہ بھی دیکھا گیا کے کورونا وائرس کے بارےمیں باخبر رہنے کےلیے عوام کی اکثریت یعنی 69 فیصد مقامی نیوز چینلز پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ 

6 فیصد مذہبی مقامات سے ملنے والی معلومات پر، 4 فیصد ذاتی معالج پر،5 فیصد اخبارات پر، جبکہ 6 فیصد کورونا وائرس کے بارے میں کےلیے عالمی میڈیا پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ 

انٹرنیٹ پر5 فیصد ، سوشل سائٹس جیسے فیس بک پر 5 فیصد، واٹس ایپ پر 1 فیصد جبکہ ٹوئٹر پر بھی 01 فیصد نے کورونا کے حوالے سے معلومات پر بھروسہ کرنے کا کہا۔

تازہ ترین