مردان کے ایکسائز آفس میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے ۔ ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ دھماکا خودکش تھا۔ حملہ آور نے دھماکے کے لئے 8 سے 10 کلوگرام بارود استعمال کیا۔
مردان کےایکسائز آفس میں دھماکا اس وقت کیا گیا جب وہاں لوگوں کا رش تھا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ایکسائز آفس کے کمپیوٹرسیکشن میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا ۔
حملہ آور کی عمر 18 سے 19 سال کے درمیان تھی جس نے ایکسائزآفس میں داخل ہوتے ہی پہلے فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔
مردان دھماکے میںتقریباً18 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا ۔ بعض زخمیوں کو ڈی ایچ کیو مردان میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔
ڈی پی او مردان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے سے جانی نقصان کم ہوا۔