• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اداکاری چھوڑ دی

بھارتی فلم اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اداکاری کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کے بھانجے عمران خان جنہوں نے سال 2008 میں فلم ’جانے تو یا جانے نہ‘ میں مرکزی کردار ادا کرکے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اُنہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے جس کی تصدیق عمران خان کے ایک قریبی دوست اکشے اوبرائے نے کی ہے۔

اکشے اوبرائے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’بالی ووڈ میں میرے سب سے اچھے دوست عمران خان ہیں، جو اب اداکار نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے۔ ‘

اداکار کے دوست نے اپنی اور عمران خان کی دوستی سے متعلق کہا کہ ’عمران میرا اتنا قریبی دوست ہے کہ جسے میں صبح 4 بجے اٹھ کر فون کرسکتا ہوں جبکہ ہم دونوں گزشتہ 18 سالوں سے ایک ساتھ ہیں اور ہم نے اداکاری کی تعلیم بھی ایک ہی اسکول سے حاصل کی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے اداکاری چھوڑ دی لیکن جہاں تک مجھے معلوم ہے عمران کے اندر ایک بہتر مصنف اور ہدایتکار موجود ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ خود اپنی فلم کی ہدایتکاری کب کریں گے۔‘

عمران خان کے دوست نے مزیدکہا کہ ’میں اپنے دوست پر دباؤ نہیں ڈال رہا ہوں لیکن ایک دوست کی حیثیت سے مجھے لگتا ہے کہ اُنہیں ہدایتکاری کی طرف آنا چاہیے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ جب عمران ہدایتکاری کریں گے تو وہ ایک عمدہ فلم بنائیں گے۔‘

واضح رہے کہ اداکار عمران خان فلم اسٹار عامر خان کے بھانجے ہیں اُنہوں نے سال 2008 میں فلم ’جانے تو یا جانے نہ‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ اُن کی آخری فلم 2015 میں آئی تھی جس کے بعد سے وہ اسکرین سے غائب رہے۔

تازہ ترین