کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائر بریگیڈحکام کا کہنا ہے کہ 8 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اور ایک واٹر باوزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔
آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند ہے۔
ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی کو آگ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ شہریوں کیلئے محفوظ راستے کیلئے متبادل ٹریفک روٹس بنائے جائیں، ایس ایس پی سٹی آگ لگنے کی وجوہات کا پتا لگائیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستوں کو کلیئر کیا جائے۔