• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے جنید صفدر دلہن بیاہ لائے

صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر دلہن بیاہ لائے، جنید صفدر کی ولیمہ کی تقریب کل جاتی امرا فارم ہاؤس رائے ونڈ میں ہو گی۔

محمد نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز و کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، ان کی شادی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے شیخ سے لاہور میں ہوئی، جنید صفدر کا نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے پڑھایا۔

دلہا جنید صفدر نے سفید شیروانی، سفید شلوار قمیص اور سفید کلاہ پہن رکھا تھا، جبکہ دلہن شانزے شیخ دلکش سرخ عروسی جوڑے میں ملبوس تھیں۔

اس سے پہلے جنید صفدر کی بارات رائے ونڈ روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی، باراتیوں میں محمد نواز شریف ، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب اور صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری سمیت دیگروفاقی و صوبائی وزرا اور ملکی و غیر ملکی مہمان شامل تھے۔

واضح ہے کہ گزشتہ شب جنید صفدر کی مہندی کی تقریب جاتی امرا فارم ہاؤس میں ہوئی جہاں دلہا، دلہن کا فوٹو شوٹ بھی کیا گیا تھا ،جبکہ ولیمہ کی تقریب 18 جنوری کو جاتی امرا میں ہی ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید