آپ آف لائن ہیں
منگل15ربیع الثانی 1442ھ یکم دسمبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کے لیے کرکٹر کی عُمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔

آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کے لیے لاگو ہوگا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناء پر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے 15 سال سے کم عمر کھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو اُنہیں اس کے لیے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اُس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اُسے اجازت نامہ دے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عُمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔

یاد رہے کہ سال 1996 سے 2005 کے درمیان سات ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال کی عمر میں کیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید