• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبا کو پڑھائی کے لیے یقینی طور پر مثبت ماحول درکار ہوتا ہے تاکہ وہ اسباق یا امتحان کی تیاری کرنے میں آرام اور سہولت محسوس کریں یعنی پڑھائی کے لیے ایک ایسا مثبت ماحول ترتیب دیا جائے کہ بچے دلجمعی سے اپنی تعلیم کو جاری و ساری رکھ سکیں۔ اس حوالے سے کچھ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں جن کے بارے میں شاید آپ نے نہ سوچا ہو، مگر وہ آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلی لاسکتی اور مطالعےکے عمل کو بہت آسان بنا سکتی ہیں۔

توجہ بھٹکنے نہ دیں

مطالعے کا مثبت ماحول پیدا کرنے کے لیے ہر قسم کے انتشارسے بچنا ہوتا ہے۔ شاید آپ کے پاس ایسی بہت ساری چیزیں اور آئٹمز ہوں جن کی آپ کو ضرورت نہیں ہے۔ ایسی تمام اشیا کو کوڑے دان میں ڈال دیں یا پھر اسٹور میں رکھ دیں کیونکہ آپ کو مطالعے کے لیے ایک صاف اور منظم جگہ کی ضرورت ہے۔ اگر چیزوں کا ڈھیر لگاہو تو آپ کو ہمیشہ ان چیزوں کو تلاش کرنے میں مشکل پیش آتی ہے جن کی آپ کو درحقیقت ضرورت ہوتی ہے اور ا س ضمن میں آپ کاوقت بھی ضائع ہوتاہے۔ 

مطالعہ کے علاوہ کوئی بھی کام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اشیا مطالعہ کی جگہ سے دور رہیں۔ اگر آپ ہوسٹل میں کسی رو م میٹ کے ساتھ رہتے ہیں تو ایسا کرنا آپ دونوں کے لئے مشکل ہوجائے گا۔ یا تو آپ کا اضافی سامان آپ کے روم میٹ کے مطالعے میں خلل ڈال رہا ہوگا یا پھر آپ کے دوست کے استعمال کی اشیا آپ کی توجہ بھٹکا رہی ہوں گی۔ ان اشیا میں سب سے اہم موبائل فون اور میوزک سسٹم ہے۔

روشنی کا انتظام

مطالعے کے مثبت ماحول کے لیے معیار ی روشنی کی موجودگی بہت ضروری ہے۔ کبھی کبھی کمرے میں جو لائٹس پہلے سے موجود ہوتی ہیں وہ ناکافی ہوتی ہیں یا بستر وغیرہ پر پڑھنے کے لیے روشنی کا مناسب انتظام نہیں ہوتا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے بستر پر اضافی لائٹس، اسٹڈی لیمپ یا میز پر کوئی اضافی لائٹ لگائیں۔ 

یاد رکھیں کہ اگر کمرے میں اندھیرا ہے یا روشنی مدھم ہےتو اس سے آپ کی بینائی متاثر ہو سکتی ہےاور آپ سر درد میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ دن کے وقت مطالعے کے لیے قدرتی روشنی کا استعمال کریں۔

فائلنگ سسٹم

فائلنگ سسٹم کے ذریعے منظم ہونے سے بہتر اور کیا طریقہ ہو سکتا ہے؟ جب پڑھائی کا مٹیریل جمع ہوتا جائے تو اس کی فائلنگ کرنے سے چیزیں آسان ہوجاتی ہیں۔ اس کے لیے آپ کو کیبنٹس اوردرازوں کی ضرورت ہوگی۔ اضافی مدد کے لیے دفتری باکس وغیرہ بھی آپ کے کام آسکتے ہیں جن پر آپ متعلقہ مضمون اور ان کے نوٹس کی چِٹ لگا کر رکھیں۔ اس طرح آپ کو ہمیشہ یہ یاد رکھنے میں آسانی ہوگی کہ فلاں چیز کہاں ہے۔ فائلنگ سسٹم کے استعمال سے آپ آخری منٹ میں چیزیں نہ ملنے کے ذہنی تناؤ سے بچ جاتے ہیں۔

معیاری میز اور کرسی کا انتظام

آپ کو ہر وقت بستر پر پڑھنے کے بجائے ایک معیاری میز اور آرام دہ کرسی خرید لینا چاہیے۔ یہ یقیناً پڑھائی کے حوالے سے ایک سرمایہ کاری ہے۔ چونکہ ان پر آپ اپنا بہت زیادہ وقت گزاریں گے، لہٰذ ا خریداری کے وقت آرام اور سہولت کو مدِنظر رکھیں اور اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ خاص طور پر ایسی کرسی تلاش کریں ،جو مطالعے کے دوران آپ کی کمر کو سہارا دے۔

مطلوبہ چیزوں کی دستیابی

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی میز پر کافی تعداد میں قلم، پنسل، معیاری کیلکولیٹر، کتابیں، درسی کتب، غرض ہر وہ چیز ہونی چاہیے جس کی آپ کو پڑھائی کے دوران ضرورت پڑسکتی ہے۔ اگر تمام چیزیں پاس نہیں ہوں گی تو آپ کو ہر ایک چیز کے لیے بار بار اٹھنا پڑے گا، اس طرح نہ صرف آپ کے کام کا ہرج ہوگا بلکہ وقت بھی ضائع ہو گا۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا جیسے کہ مشروبات اور اسنیکس بھی اپنے پاس رکھنا ایک اچھا خیال ہے۔

وال کلاک کاانتظام

چونکہ امتحانات کے دوران طلبا آخری منٹ تک پڑھتے رہتے ہیں، لہٰذا مطالعے کا ماحول بہتر بنانے کے لیے گھڑی کا موجود ہونا بھی نہایت ضروری ہے۔ گھڑی اگر آپ کی میز کے بالکل اوپر لگی ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ اس طرح طلبا کو ہر بار وقت دیکھنے کے بعد اپنی سرگرمیاں منظم کرنےکاخیا ل آتا رہے گا۔ موبائل فون پر ٹائم دیکھنے سے آپ کی توجہ بھٹک سکتی ہے اور آپ نوٹیفکیشن چیک کرنے میں مشغول ہوسکتے ہیں۔

بیک گراؤنڈ میوزک

پڑھائی کے دوران توجہ بھٹکانے والی چیزوں سے دور رہنا چاہیے۔ بہت سے طلبا پڑھائی کے دوران ہلکا پھلکا میوزک لگا لیتے ہیں، ممکن ہے کہ کچھ طلبا کو ہلکا پھلکا میوزک پڑھائی میں مدد دیتا ہو لیکن اکثر یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ میوزک سے طلبا کی توجہ بھٹک جاتی ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ بیک گراؤنڈ میوزک نہ چلائیں۔

تازہ ترین