• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، مجموعی طور پر ٹیرف 50 فیصد ہوگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی  صدر ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ  بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا مناسب اور ضروری ہے، بھارت روس سے براہ راست اور بالواسطہ تیل درآمد کر رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق  بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف آیندہ تین ہفتوں میں نافذالعمل ہوگا،  بھارت پر اس سے پہلے لگایا گیا 25 فیصد کا ٹیرف کل سے نافذ ہوگا،  جمعرات سے لگائے جانے والے ٹیرف میں اسٹیل، المونیم، دوا سازی صنعت کی اشیاء شامل نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھارت سے درآمدات پر امریکی ٹیرف کو "انتہائی حد تک" بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کی وجہ بھارت کی روسی تیل کی خریداری ہے۔

اپنے ایک بیان اور پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج امریکی نمائندہ خصوصی وٹکوف روسی قیادت سے ماسکو میں ملاقات کریں گے جس کے بعد ماسکو سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک میں جنگیں رکوائی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید