پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب نہ کرسکیں اور مختصر بات چیت کے بعد پنڈال سے چلی گئیں۔
پشاور میں جاری پی ڈی ایم جلسے میں لیگی نائب صدر مریم نواز بھی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھیں، تاہم وہ عوام سے خطاب کیے بغیر ہی چلی گئیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کو روک کر میزبان میاں افتخار حسین نے اعلان کیا کہ مریم نواز اپنی دادی کے انتقال کی وجہ سے یہاں سے چلی جائیں گی اس لیے ہم ان کی یہاں حاضری لگوانا چاہتے ہیں۔
اسی دوران اسٹیج پر مریم نواز نمودار ہوئیں اور کہا کہ میں یہاں آج آپ سے بات کرنے اور ملنے آئی تھی لیکن مجھے ابھی ابھی اطلاع ملی ہے کہ میری دادی اور میاں نواز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئی ہیں۔
انھوں نے عوام سے معذرت کی کہ میں آج آپ سے بات نہیں کرسکی۔
مریم نواز نے اپنی دادی کی مغفرت اور اپنے والد نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کی اور وہاں سے چلی گئیں۔
اس کے بعد مریم نواز کی دادی کی مغفرت کے لیےدعا فرمائی گئی۔
بعد ازاں دوبارہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر شروع کی۔