معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کا صوبہ سندھ سے متعلق کہنا ہے کہ بلاول زرداری جلسوں کے بجائے سندھ کے عوام کے مسائل حل کرائیں، بقیہ صوبوں کی طرح سندھ سے بھی آپ کا خاتمہ یقینی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضٰی وہاب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری کے حکم پر صرف بلاول ہاؤس میں ترقیاتی کام ہوتے ہیں، تھر میں ایشیا کا سب سے بڑا آر او پلانٹ بھی ناکارہ ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ سندھ میں تعلیم، صحت عوام کے لیے بنیادی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں، تین صوبوں سے شکست کھانے کے بعد گلگلت کے عوام نے بھی آپ کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بارہ سالوں میں کراچی میں ایک بس بھی نہیں چلائی، وفاق نے کراچی سرکلر ریلوے چلا کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سوا دو سال میں کوئی ایک منصوبہ بتادیں جسے پی ٹی آئی نے شروع کیا ہو۔