اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومتی مظالم کے باعث پوری شریف فیملی اس وقت بکھری ہوئی ہے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شریف فیملی اس وقت بدترین ظلم کا سامنا کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری فیملی اس وقت بکھری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو توفیق نہیں کہ ن لیگی صدر شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کردے۔
ن لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 2 ہفتے کے پیرول پر رہا کرے، اس کم عرصے کا پیرول ہمیں قبول نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک سے باہر ہیں، لاکھوں لوگوں نے شہباز شریف اور حمزہ سے تعزیت کرنی ہے، ماڈل ٹاؤن میں تعزیت کے لیے آنے والوں کے لیے انتظام کیا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف کو اُن کی والدہ شمیم اختر کے جنازے کے وقت کے متعلق آگاہی ملتی رہےگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز نے کل بڑے حوصلے کے ساتھ غم کی خبر سے جلسے میں عوام کو آگاہ کیا، یہ سفاک اور کینہ پرور ٹولے کی حکومت ہے انسانیت کی توقع نہیں۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ بیگم شمیم اختر کی تدفین تک آؤٹ ڈور سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں، 26 نومبر کو مریم نواز نے دیپالپور میں جانے سے معذرت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کل بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے روانہ کردی جائے گی، حکومت افواہ سازی سے کام لے رہی ہے، ان لمحات میں قطعاً ان لوگوں کوکوئی احساس نہیں ہے، حکومتی کورونا چھ ماہ رہ گیا تو تباہی کردے گا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی صحت پر توجہ دینی چاہیے، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا، حکومت بتائے اس کے اپنے ایس او پیز کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھی پر حکومت کھڑی ہے، ایک انچ بیساکھی ادھر ہوئی تو حکومت گر جائے گی۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ پشاور میں کل جو تقاریر ہوئیں وہ نواز شریف کے بیانیے سے 10 قدم آگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے،آئین میں جو حدود متعین ہیں سب کو ان کے تحت چلنا چاہیے۔