• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف، حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملے میں پیشرفت

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

انہوں نے مراسلے کے ذریعے جیل سپرنٹنڈنٹ سے رولز 1978 کے تحت پیرول کے طریقہ کار پر تفصیلات طلب کی ہیں۔

ایدیشنل ڈپٹی کمشنر نے مراسلے میں ن لیگی رہنما عطا اللّٰہ تارڑ کی طرف سے دی گئی درخواست کا حوالہ بھی دیا ہے۔


ن لیگ نے ڈپٹی کمشنر کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی سے متعلق درخواست دی تھی، جس کے بعد انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر 14 دن کی رہائی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف اور ن لیگی صدر شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال کے بعد عطا تارڑ نے جیل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی تھی۔

انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے ٹیلیفون پر نواز شریف سے رابطہ کیا ،وہ اس دوران آبدیدہ ہوگئے تھے۔

تازہ ترین