• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ، دورانِ گفتگو آبدیدہ ہوگئے


سابق وزیراعظم نواز شریف اور جیل میں قید اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان والدہ کے انتقال کے بعد ٹیلیفونک رابطہ ہوگیا۔

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے شہباز شریف کو والدہ اور حمزہ شہباز کو دادی شمیم اختر کے انتقال کی خبر سے آگاہ کیا اور تدفین سے متعلق مشاورت بھی کی۔

عطا تارڑ نے دوران ملاقات شہباز شریف کی میاں نواز شریف سے فون پر بات بھی کروائی، اس موقع پر حمزہ شہباز بھی ہمراہ موجود تھے۔


کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے نواز شریف اور شہباز شریف میں ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ گفتگو اجازت کے بعد کروائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے فون پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف آبدیدہ ہوگئے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے لیے حکومت پنجاب کو درخواست دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست میں کہا جائے گا کہ پیرول پر رہائی میت پاکستان لائے جانے سے ایک دن قبل شروع ہو اور پھر جاری رہے۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ بیگم شمیم اختر کی نمازجنازہ شریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائے گی جبکہ تدفین جاتی امرا میں میاں شریف کی قبر کے قریب مختص جگہ پر کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میت کے پاکستان لائے جانے میں 2 سے 3 روز لگ سکتے ہیں، میت کی روانگی کی تصدیق پر ہم پرول پر رہائی کی درخواست دیں گے۔

تازہ ترین