اسلام آباد (مہتاب حیدر ) ایف بی آر نے دس روپے فی پیکٹ سیگریٹوں پر ہیلتھ لیوی لگانے کی وزارت قانون کو تجویز دی ہے اور ساتھ ہی وضاحت بھی مانگی ہے آیا ایسا کوئی اقدام اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا یا نہیں ۔ ایف بی آر حکام نے پیر کو اس بات کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا کہ اس کی مزید وضاحت سے پالیسی مرتب کر نے میں مدد ملے گی ۔ تمباکو مخالف لابی اس کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لئے لیوی لگانے پر زور دے رہی ہے ۔دوسری طرف بڑی سیگریٹ ساز کمپنیاں جن میں پاکستان ٹوبکو کمپنی اور فلپ مورس وغیرہ شامل ہیں وہ سیگریٹوں پر محصول عائد کر نے کی مخالفت کر رہی ہیں ۔ ان کا موقف ہے کہ اس سے غیر قانونی سیگریٹوں کا استعمال بڑھ اور فروخت میں اضافہ ہو جائے گا جس سے قومی خزانے کو سالانہ 20 سے 24 ارب روپے تک نقصان کا خدشہ ہے ۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ سیگریٹوں پر ٹیکس عموماَبجٹ کے موقع پر عائد کیا جا تا ہے لہٰذا اس حوالے سے ابھی خاصا وقت ہے ۔دریں اثنا وزارت صحت نے سیگریٹ پیکٹوں پر صحت کے حوالے سے انتباہ کی جگہ ساٹھ سے بڑھا کر ستر فیصد کرنے کی تجویز دی ہے ۔جس کی و فاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی ۔