سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی وفات پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ رہائی کا بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان آنے کی تاریخ کا معلوم ہونے پر فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر نواز شریف کو 5 دن کیلئے پیرول پر رہائی ملی تھی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر صرف 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کرسکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 12 گھنٹے سے زائد پیرول پر رہائی کا فیصلہ حکومت کرے گی۔
نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں طویل سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جب کہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004ء میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔