• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنراور وزیراعلیٰ کی مردان بم دھماکے کی مذمت

پشاور(نیوزڈیسک)گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے منگل کے روز مردان میں ایکسائز کے دفترکے باہر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے دھماکے سے متاثرہ افراد کے خاندانوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے دکھ میں برابرکی شریک ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہاکہ بم دھماکے میں زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے بزدلانہ اورافسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائیگا اور ملک دشمن کارروائیوںمیں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کاہرصورت پیچھا کیاجائیگا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعاکی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے محکمہ ایکسائزمردان کے دفتر پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزیہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا ۔ انہوںنے دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق اور خیبرپختونخوامیںمکمل ہم آہنگی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیر پا امن کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا پچھلے ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے جس کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرعمل جاری ہے ۔انہوں نے عوام سے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے حکومت اور سیکورٹی اداروںکے ساتھ مل کر مشترکہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو  واقعہ کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا بھی کی ۔
تازہ ترین