بیجنگ (جنگ نیوز )چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ چین علاقائی تجارت میں گوادر بندرگاہ کی پاک چین اقتصادی راہداری کے اہم جز کی حیثیت سے زیادہ سے زیادہ کردار کی حمایت کرتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے عہدے کے دوران میں نے گوادر پورٹ کا 6 بار دورہ کیا اور گوادر بندرگاہ کے تعمیراتی کاموں کو متاثر کن پایا تھا۔ترجمان ژاؤ لیجیان نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ 200 ٹن مچھلیوں کے ریفریجریٹر کنٹینروں سے لدے جہاز کی گوادر پورٹ پر پہنچنے اور پھر چین روانگی وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے گوادر بندرگاہ پر مچھلی کے پہلے کنٹینر کی آمد اور عالمی راہداری کی سرگرمیوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئی پیشرفت پر خوشی ہے اور چین تجارت اور سامان سے متعلق علاقائی تعاون میں گوادر بندرگاہ کے زیادہ سے زیادہ کردار کی حمایت کرتا ہے۔