وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر سندھ پیکیج کے نام پر عوام کو لولی پاپ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اسدعمر کی لاڑکانہ میں کی گئی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ وفاقی وزیر سے پوچھنا تھا کراچی پیکیج کا کیا ہوا؟
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں سندھ کے عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے وفاقی وزیر سے سوال کیا کہ لاڑکانہ میں اگر پی ٹی آئی کی قیادت آئے گی تو وہ کونسا تیر مار لے گی؟
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم عوام کی تھی، وفاق نے یہ رقم دے کر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔
امتیاز شیخ نے یہ بھی کہا کہ وفاقی وزیر پہلے سندھ کو این ایف سی ایوارڈ میں اس کا حق دلائیں، وفاق این ایف سی میں سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کسی کو بھی اپنا حق کھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔