• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہنی معذور شخص کا بھائی کے ذریعے دائر مقدمہ قابلِ سماعت قرار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

لاہور ہائی کورٹ نے ذہنی معذوری کے شکار شخص کے بھائی کی جانب سے دائر مقدمے کو قابلِ سماعت قرار دینے کا سول کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے بہن کی آئینی درخواست مسترد کر دی۔

جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کا مقدمہ دائر کرنے کے لیے کورٹ آف پروٹیکشن سے سرپرست مقرر کروانا لازمی نہیں، سول کورٹ خود بھی ذہنی معذوری کا جائزہ لے سکتی ہے اور مقدمے کی حد تک سرپرست مقرر کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

حکم نامے کے مطابق ذہنی معذوری کے شکار شخص کے قانونی مفادات کا تحفظ عدالت کی ذمے داری ہے۔

درخواست گزار خاتون کے مطابق ان کے ذہنی معذور بھائی صفدر علی نے وراثتی جائیداد انہیں بطور تحفہ منتقل کی تھی، بعد ازاں بھائی نے سرپرست کے ذریعے جائیداد سے متعلق دعویٰ دائر کیا جس کے لیے قانونی طریقۂ کار اختیار نہیں کیا گیا تھا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صفدر علی ذہنی طور پر معذور ہیں اور اپنے معاملات سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، سول کورٹ نے انہیں ذاتی طور پر طلب کر کے سوالات کیے، وہ اپنے نام اور رشتوں کی شناخت کے علاوہ دیگر سوالات کے جواب نہ دے سکے۔

سول کورٹ نے مقدمہ قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے متنازع جائیداد مزید منتقل کرنے سے بھی روک دیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ سول کورٹ کو ذہنی معذوری کا تعین کرنے اور مقدمے کے لیے سرپرست مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے، جائیداد مزید منتقل ہونے کی صورت میں نئے مقدمات اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے ذہنی معذوری کے شکار شخص کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔

عدالت نے سول کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ کے فیصلے درست قرار دیتے ہوئے خاتون کی آئینی درخواست خارج کر دی۔

قومی خبریں سے مزید