وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سست روی کے معاملے نے سر اٹھا لیا، وفاقی وزیر امین الحق نے کراچی پیکیج کی رفتار تیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد ایجنڈا آئیٹمز کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) امین الحق نے کابینہ اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سست روی کا معاملہ اٹھایا۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، اس معاملے کو آپ خود دیکھیں۔
امین الحق نے مطالبہ کیا کہ کراچی پیکیج کی رفتار کو تیز کیا جائے کیونکہ اس پیکیج سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر آئی ٹی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ امین میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کی گفتگو سے اتفاق کے بعد عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس بلالیا۔
دوران اجلاس وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بیوروکریسی کی جانب سے مداخلت کا معاملہ اٹھا دیا اور کہا کہ بیوروکریسی حکومتی معاملات کی راہ میں جان بوجھ کر رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ حکومتی احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ بننے والے بیوروکریٹس کے خلاف سخت ایکشن لینا ہو گا۔