حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ، پنجاب، بلوچستان، کےپی میں بار کونسل انتخابات، حیدرآباد میں سجاد احمد، ریاض علی، تاج محمد آگے۔ تفصیلات کےمطابق سندھ بارکونسل کے الیکشن کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع حیدرآبادکی 3نشستوں پر سجاد احمدچانڈیو ‘ریاض علی راجپر اور تاج محمد کیریو نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ متعدد سینئر وکلا ہار گئے ،ضلع جامشورو،دادو کی ایک نشست پر سچل اعوان ایڈووکیٹ اور بدین ،ٹھٹھہ کی نشست سے وسیم شاہ کامیاب ہوگئے ،رات گئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق حیدرآباد کے 5 پولنگ اسٹیشنوں سے ایڈووکیٹ سجاد احمدچانڈیو نے 504ووٹ، ریاض علی راجچر نے 502ووٹ جبکہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے صدر تاج محمدکیریو نے 421 ووٹ حاصل کئے ، دوسری جانب ان کے مدمقابل سابق پراسیکوٹر جنرل سندھ ایاز تینو نے 328،ہائی کورٹ بار کے قائم مقام صدر فرحادابڑو نے 331،ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکریٹری ممتاز لغاری نے 247اور ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکریٹری کے بی لغاری نے 279ووٹ حاصل کئے ۔الیکشن میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والے ضیاءالدین شیخ ایڈووکیٹ نے 315‘سینئر وکیل اغیث الاسلام نے 342ووٹ حاصل کئے۔ جامشورو دادو کی ایک نشست کے لئے سینئر وکیل سچل اعوان ایڈووکیٹ نے مجموعی طورپر 535ووٹ لئے جبکہ ان کے مدمقابل نور الدین سپیو نے 368ووٹ حاصل کئے جبکہ بدین ٹھٹھہ کی ایک نشست کے لئے وسیم شاہ 608ووٹ اور منصور احمدلغاری ایڈووکیٹ 426 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پررہے ۔ امیدواروں کی کامیابی پر وکلا نے بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور کامیاب امیدواروں کو پھول کے ہار پہننے اورمبارکبادیں ۔دوسری جانب پنجاب بار کونسل کے ارکان کی75 سیٹوں پر پولنگ کا عمل ہونے کے بعدووٹوں کی اسکروٹنی کی گئی،لاہور سمیت پنجاب بھر سے موصولہ سیل شدہ ووٹوں کے پیکٹوں کی گنتی کا عمل تین دسمبر کو پنجاب بار کونسل لاہور کی عمارت میں کیا جائے گا جبکہ نتائج کا باضابطہ اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔دوسری جانب بلوچستان بار کونسل کے انتخابات میں اندون بلوچستان کی تینوں نشستوں پر پروفیشنل لائرز گروپ کے امیدوار کامیاب ہوگئے، ہفتہ کو بلوچستان بار کونسل کے انتخابات میں ژوب زون سے منیر احمد کاکڑ ،مکران زون سے قاسم خان گاجے زئی، نصیر آباد زون سے راحب خان بلیدی کامیاب ہوگئے ، تینوں امیدواروں کا تعلق پروفیشنل پینل سے ہے جبکہ منیر احمد کاکڑ مسلسل تیسری بار اس نشست پر کامیاب ہوئے ہیں، سپریم کورٹ بار ایسوسیشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے تینوں امیدواروں کو مبارکباد دی ہے ۔ ادھر ملگری وکیلان نے خیبر پختونخوا بار کونسل انتخابات میں بنوں کی سیٹ پر بھاری اکثریت سے میدان مار لیا ، شاہ حسین ایڈووکیٹ 355 ووٹ لیکر خیبر پختونخوا بارکونسل کے ممبر منتخب ہوگئے، ڈیرہ اسماعیل خان کی پولنگ پر بھی سبقت لینے کے امکانات ہیں تاہم وہاں کے نتائج آخری اطلاعات تک موصول نہیں ہوئے،ضلع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، ٹانک، شمالی وزیرستان کی سیٹ پر الگ الگ ممبران کیلئے مذکورہ اضلاع کے جوڈیشل کمپلیکس میں ووٹنگ کا عمل ہوا، بنوں میں عاصف ریاض ایڈیشنل ون جج کی نگرانی میں صبح آٹھ سے سہ پہر چار بجے تک پولنگ کا عمل ہوا، بنوں کی سیٹ پر ملگری وکیلان کے اُمیدوار شاہ حسین ایڈووکیٹ اور انوار الحق ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ ہوا، شاہ حسین ایڈووکیٹ نے بنوں میں 242 لکی مروت میں 103 اور ٹانک میں 10 ووٹ حاصل کئے ان کے مد مقابل انور الحق ایڈووکیٹ نے بنوں میں 90 ووٹ، لکی مروت میں 47 اور ٹانک میں 15 ووٹ حاصل کئے اسی طرح ملگری وکیلان کے امیدوار شاہ حسین ایڈووکیٹ نے مجموعی طور پر 355ووٹ لیکر پانچ سال کیلئے ممبر منتخب ہوگئے اور ہارنے والے اُمیدوارانور الحق ایڈووکیٹ نے152 ووٹ لئے، شاہ حسین ایڈووکیٹ مسلسل دوسری مرتبہ خیبر پختونخوا بار کونسل کے ممبر کامیاب ہو ئے ہیں اس سے پہلے وہ ہا ئی کورٹ بنچ بنوں اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہ چکے ہیں۔